ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حزب اختلاف پارلیمنٹ میں منی پور پر وزیر اعظم کے بیان پر بضد، حکمت عملی پر غور کرنے کے لیے اجلاس طلب

حزب اختلاف پارلیمنٹ میں منی پور پر وزیر اعظم کے بیان پر بضد، حکمت عملی پر غور کرنے کے لیے اجلاس طلب

Sun, 23 Jul 2023 12:53:07    S.O. News Service

نئی دہلی، 23/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)  پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں منی پور کے واقعہ پر ہنگامہ جاری ہے۔ اپوزیشن اس واقعے کے حوالے سے وزیر اعظم کے بیان پر بضد ہے۔ اپوزیشن نے 24 جولائی کو صبح 10 بجے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے فلور لیڈروں کی اہم میٹنگ طلب کی ہے۔ پیر کو صبح 10.30 بجے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے اراکین پارلیمنٹ ہاؤس میں گاندھی مجسمہ کے سامنے احتجاج کریں گے اور وزیر اعظم کے بیان کا مطالبہ کریں گے۔

منی پور کے معاملے پر جمعرات اور جمعہ کو بھی ہنگامہ آرائی سے پارلیمنٹ کی کارروائی متاثر ہوئی۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ منی پور کی صورتحال پر قاعدہ 267 کے تحت لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بحث کی جائے۔ تاہم حکومت رول 176 کے تحت بحث کرانا چاہتی ہے۔

اس کے ساتھ ہی حکمراں جماعت کے مطابق ایوان میں اس معاملے پر صرف وزیر داخلہ ہی جواب دیں گے۔ اگرچہ حکمراں پارٹی اور اپوزیشن دونوں ہی منی پور پر بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن معاملہ قواعد پر اٹکا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اگر 176 کے تحت اس پر بحث ہو گی تو اس پر مختصر دورانیے یعنی تقریباً ڈھائی گھنٹے بحث ہوگی۔ بحث کے بعد کوئی ووٹنگ نہیں ہوتی اور صرف متعلقہ وزیر اس پر جواب دیتے ہیں۔ دوسری طرف جب رول 267 کے تحت بحث ہوتی ہے تو ایوان کا باقی کام ملتوی کر دیا جاتا ہے اور صرف ایک مسئلہ پر بحث جاری رہتی ہے۔ وہیں، بحث کے بعد ووٹنگ بھی کی جاتی ہے۔


Share: